دوسری جنگ عظیم کا امریکی جنگی طیارہ تباہ، 7 افراد ہلاک

Last Updated On 03 October,2019 09:03 pm

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکا میں دوسری جنگ عظیم کا جنگی طیارہ تباہ ہو گیا ہے، اس واقعہ میں 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق دی بوئنگ بی 17 جی ساخت کا طیارہ جسے امریکی فضائیہ نے دوسری جنگ عظیم میں جرمنی اور جاپان کے خلاف استعمال کیا تھا ۔ ریاست کنیکٹیکٹ میں صبح 10 بجے لینڈنگ کرتے ہوئے بریڈلی بین الاقوامی ایئر پورٹ پر گر کر تباہ ہوا۔

حکام کا کہنا تھا کہ طیارے میں 10 مسافر اور عملے کے تین ارکان سوار تھے۔ یہ طیارہ غیر منافع بخش این جی او کولنگز فاؤنڈیشن نے کرائے پر لے رکھا تھا جسکا مقصد عوام کو طیاروں کے کردار سے متعلق روشناس کرانا ہے۔

ریاست کنیکٹیکٹ کے عہدیدار جیمز روویلا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحے میں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ مرنے والوں کی تعداد 7 ہے جبکہ 6 کے قریب زخمی ہوئے ہیں، ہلاک ہونے والوں کی شناخت کے بعد ہی نام جاری کیے جائیں گے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق عہدیداروں نے بتایا ہے کہ حادثے میں سات افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوئے ہیں۔ جن میں حادثے کے وقت زمین پر موجود تین افراد بھی شامل ہیں۔

ایئر پورٹ کے ڈائریکٹر کیون ڈلن نے صحافیوں کو بتایا کہ طیارے کے ٹیک آف کے دس منٹ بعد پائلٹس کی طرف سے کنٹرول ٹاور کو مطلع کیا گیا کہ دوران پرواز پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہم دیکھ سکتے تھے کہ پرواز کے بعد جہاز اونچائی پر نہیں جا پا رہا تھا۔

جس جگہ یہ واقعہ پیش آیا وہاں سے 15 میل کے فاصلے پر موجود ہارٹ فورڈ ہسپتال کے ترجمان کا فرانسیسی خبر رساں ادارے کو کہنا تھا کہ حادثے کے بعد ہسپتال میں 6 مریض لائے گئے، 3 کی حالت تشویشناک ہے۔