بھارت: گیس سلنڈر پھٹنے سے 12 افراد ہلاک، متعدد زخمی

Last Updated On 14 October,2019 08:35 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک درجن سے زائدافراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ جبکہ کچھ زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست اتر پردیش میں رہائشی بلڈنگ میں گیس سلنڈر پھٹنے سے 12 افراد مارے گئے ہیں جبکہ حادثے میں کئی افراد کے ملبے تلے دب کر زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔

گنجان آباد شمالی ریاست اتر پردیش کی پولیس کا کہنا ہے کہ گاؤں میں کھانا پکانے والے گیس سلنڈر کے پھٹنے کے واقعے کی خصوصی تفتیش شروع کی گئی ہے، ہلاک ہونے والوں کی اور کئی زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں بعض افراد جھلسے ہوئے بھی ہیں۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ سلنڈر پھٹنے کا واقعہ اتر پردیش کے ضلع ماؤ کے گاؤں ولید پور میں ہوا۔ گیس کا سلنڈر ایک دو منزلہ عمارت میں پھٹا۔ عمارت میں سلنڈر پھٹنے کے بعد آگ نہیں بھڑکی ورنہ ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی تھی۔ عمارت سلنڈر پھٹنے سے زوردار دھماکے کو برداشت نہ کرسکی اور منہدم ہو گئی، عمارت کا ملبہ ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ عمارت کے گرنے سے کئی افراد ملبے میں پھنسے ہوئے ہیں اُدھر طبی ذرائع کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ انڈیا میں غیر محفوظ عمارتوں کی بہتات ہے اور منہدم ہونے کی اطلاعات سامنے آتی رہتی ہیں

عمارت کا ملبہ ہٹانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ فائر بریگیڈ کا عملہ بھی مصروف ہے۔ قریبی مکانات کے افراد بھی امدادی سرگرمیوں میں شریک ہیں۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادیتیا ناتھ نے ولید پور میں سلنڈر پھٹنے اور عمارت کے گرنے کے واقعے کی انکوائری جلد مکمل کر کے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔