واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی پر پابندیوں کا حکم نامہ جاری کر دیا، ترکی پر سٹیل ٹیرف نافذ، تجارتی مذاکرات بھی ختم ہو گئے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی پر پابندیوں کا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ترکی کی حکومت کو خبر دار کیا ہے کہ خطرناک اور تباہ کن راستہ جاری رکھا تو ترک معیشت تباہ کر دیں گے۔
دوسری طرف امریکی حکام نے ترک وزیر دفاع، وزیر توانائی، وزیر داخلہ کے امریکا میں اثاثے بھی منجمد کر دیئے ہیں، 3 ترک وزرا بھی پابندیوں کی زد میں آگئے ہیں، پابندیوں کے باعث متعلقہ افراد امریکا کا سفر نہیں کرسکیں گے۔
ادھر امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر کا کہنا ہے ترک مداخلت کی وجہ سے داعش کے گرفتار جنگجو فرار ہوگئے، ترک کارروائیاں داعش کو شکست دینے کے مشن کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔ مارک ایسپر نے کہا ترک حملوں کے خلاف پابندیوں کے لیے نیٹو اتحادیوں کو اقدامات کا کہوں گا۔