لاہور: (ویب ڈیسک) ترکی کی جانب سے ایک خاتون کی تصویر جاری کی گئی ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ داعش کے سابق سربراہ ابوبکر البغدادی کی اہلیہ ہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق تصویر میں نظر آنے والی خاتون کا نام اسما فوزی محمد الکبیسی ہے جو داعش کے سربراہ کی پہلی بیوی ہیں۔ خیال رہے کہ ترک صدر رجب طیب ایردوان نے اعلان کیا تھا کہ ابوبکر البغدادی کی بیوی کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ البغدادی کی اہلیہ کو کب اور کس طرح گرفتار کیا گیا تھا؟
ادھر برطانوی خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ہونے والی خاتون نے ترکی کے حکام کو اپنا تعارف "رانيا محمود" کے نام سے کرایا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ترکی نے امریکی فورسز کے ہاتھوں مارے جانے والے ابوبکر البغدادی کی بہن رسمیہ عواد کو بھی گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ 65 سالہ رسمیہ عواد کو شام کے قصبے اعزاز کے نزدیک حراست میں لیا گیا جہاں وہ اپنے شوہر اور پانچ بچوں کے ساتھ رہائش پذیر تھیں۔