ڈھاکہ: (دنیا نیوز) سمندری طوفان بلبل نے بنگلہ دیش اور بھارتی ریاستوں میں تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں 20 افراد ہلاک ہو گئے۔ 135 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والے طوفان کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سمندری طوفان بلبل کی وجہ سے بنگلہ دیش کی چٹا گانگ ائیرپورٹ اور بندرگاہوں پر روزمرہ معمولات معطل رہے جبکہ بھارت کی معروف ائیرپورٹ کلکتہ بھی بند رہی۔ تیز رفتار سے چلنے والی ہواؤں اور بارشوں نے قریبی علاقوں میں تباہی مچا دی، گھروں کی چھتیں اڑ گئیں اور مختلف حادثات کے دوران بھارت میں بارہ جبکہ بنگلہ دیش میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے۔
بیس لاکھ سے زائد افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی، طوفان کی وجہ سے چار ہزار گھروں کو نقصان پہنچا، بھارت میں سب سے زیادہ نقصان کلکتہ میں ہوا، جہاں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مشکلات درپیش ہیں۔