وائٹ ہاوس کے 2 اہم مشیر ٹرمپ کے احکامات ماننے سے انکار کا مشورہ دیتے رہے، نکی ہیلے

Last Updated On 11 November,2019 03:05 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ میں امریکہ کی سابق سفیر نکی ہیلی نے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے دو اہم مشیروں نے ان سے کہا تھا کہ وہ صدر ٹرمپ کے احکامات نہ مانیں۔

نکی ہیلی نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ اُس وقت کے وائٹ ہاؤس میں چیف آف سٹاف جان کیلی اور وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے ان سے کہا تھا کہ وہ ٹرمپ کے بعض مطالبات کے خلاف مزاحمت کریں۔ نکی ہیلے کا مزید کہنا ہے کہ ریکس ٹیلرسن نے ان سے کہا کہ اگر صدر ٹرمپ کو لگام نہ ڈالی گئی تو لوگ مریں گے۔ نکی ہیلے کہتی ہیں کہ انہوں نے ریکس ٹیلرسن اور جان کیلی کے مشوروں پر عملدرآمد نہ کرتے ہوئے انہیں مسترد کر دیا تھا۔

جان کیلی نے ردعمل میں کہا ہے کہ وہ یہ چاہتے تھے کہ صدر ٹرمپ کو پوری طرح باخبر رکھا جائے۔ صدر ٹرمپ نے نکی ہیلے کی کتاب چھپنے پر مبارکباد دیتے ہوئے سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ نکی ہیلی کی کتاب ‘ود آل ڈیو رسپیکٹ، ڈفینڈنگ امریکہ ود گرٹ اینڈ گریس’ منگل کو منظر عام پر آئے گی۔