واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کی ریاست ہوائی میں فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا، حملہ آور نے بھی خود کشی کر لی۔
ریاست ہوائی کے پرل ہاربر نیول شپ یارڈ میں ایک امریکی اہلکار نے فائرنگ کر دی جس سے 2 افراد ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا جس کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق جس جگہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا وہاں امریکی جوہری آبدوزوں کی مرمت کی جاتی ہے، حملہ آور جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، نے بعد ازاں خود کو بھی گولی مار لی۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
امریکی بحریہ کی ترجمان لیڈیا رابرٹسن نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد جائے واردات کو کلئیر کر کے نیول بیس کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے اور حکام نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔