واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر کے مواخذے کے حوالے سے ہونے والی تحقیقات کی رپورٹ امریکی ایوانِ نمائندگان کی ہاؤس انٹیلی جنس کمیٹی نے جاری کر دی۔ ڈیموکریٹس ارکان نے کہا کہ شواہد موجود ہیں کہ صدر ٹرمپ نے اپنے عہدے کا استعمال کرتے ہوئے یوکرائن پر دباؤ ڈالا جبکہ وائٹ ہاؤس نے کہا ہے مواخذے کے لیے کمیٹی ایک بھی ثبوت پیش نہیں کرسکی ہے۔
جوبائیڈن کے خلاف تحقیقات کے لیے یوکرین پر دباؤ ڈالنے کا معاملہ، امریکی ایوانِ نمائندگان کی ہاؤس انٹیلی جنس کمیٹی نے رپورٹ جاری کر دی، صدر ٹرمپ پر طاقت کے بے جااستعمال کا الزام تھا، رپورٹ کا تعلق معاملے کی چھان بین اور سفارشات سے ہے۔
وائٹ ہاوس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر نے ذاتی سیاسی مفادات کو ریاست کے قومی مفادات سے الگ رکھا، ریپبلکن ارکان نے کہا ہے کہ رپورٹ میں ایسی کوئی چیز نہیں کہ جس سے مواخذے کی نوبت آئے۔
دوسری جانب ٹرمپ کے مواخذے کے لیے اپوزیشن کی پیش قدمی بھی جاری ہے، رپورٹ آنے کے بعد ڈیموکریٹک ارکان نے مواخذے کی سفارش کی ہے۔