دمشق: (دنیا نیوز) ولادیمیر پیوٹن کو گزشتہ 9 سالوں میں شام کا یہ پہلا دورہ ہے۔ انہوں نے روسی افواج کی بیس پر شامی صدر بشار الاسد سے ملاقات کی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اپنے اہم دورے پر دمشق پہنچے جہاں انہوں نے ملٹری بیس پر اپنے شامی ہم منصب بشار الاسد کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی۔
اس موقع پر ولادیمیر پیوٹن کا بشار الاسد سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اب اعتماد سے کہا جا سکتا ہے کہ شام کی خود مختاری کی بحالی کے لئے ہم نے لمبا سفر طے کیا ہے۔
خیال رہے کہ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد جہاں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی بڑھ چکی ہے تو وہیں اسے مشرق وسطیٰ کیلئے بھی خطرناک صورتحال قرار دیا جا رہا ہے۔
روسی صدر کا دورہ اس لیے بھی بہت اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ امریکا نے 2015ء سے مشرقی شام میں اپنی فضائی فوج تعینات کی ہوئی ہے۔