کابل: (ویب ڈیسک) طالبان کے فوجی قافلے پر حملے کے بعد دو امریکی فوجی ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کی طرف سے یہ حملہ افغانستان کے صوبے قندھار کے ضلع ڈنڈ میں کیا گیا۔ اس حملے کے دوران دو امریکی فوجی جان کی بازی ہار گئے جبکہ دو امریکی فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق سڑک کنارے نصب بم کے ذریعہ امریکی فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔
طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے کے دوران امریکی فوجی گاڑی میں سوار تمام فوجی مارے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ 2019ء کے دوران مختلف حملوں کے دوران 26 امریکی فوجی ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ امریکا کی طرف سے نائن الیون حملوں کے بعد دہشتگرد نيٹ ورک القاعدہ کو ختم کرنے کے لیے اپنے فوجی افغانستان میں اتارے تھے اور 2400 سے زائد امریکی فوجی افغان سرزمین پر ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔