چین میں کورونا وائرس سے 25 ہلاکتیں، نئے سال کی بڑی تقریب منسوخ

Last Updated On 24 January,2020 09:54 am

بیجنگ: (دنیا نیوز) چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد پچیس ہوگئی، بیجنگ میں وائرس پھیلنے کے خدشے کی وجہ سے نئے سال کی بڑی تقریب کو منسوخ کر دیا گیا۔

چین میں خطرناک وائرس کورونا سے بڑی ہلاکتوں کا خدشہ پیدا ہو گیا، ووہان اور ہوبئی میں پبلک ٹرانسپورٹ مکمل بند ہے، چین میں ہلاکتوں کی تعداد پچیس ہو گئی جبکہ آٹھ سو تیس افراد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، کورونا وائرس کے حوالے سے امریکی شہر ہیوسٹن میں ایک اور مشتبہ کیس کی تحقیقات کی جاری ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا وائرس سردی کے بخار جیسی عام بیماری سے لے کر زیادہ خطرناک بیماریوں میں مبتلا کر سکتا ہے، یہ عموما جانوروں سے پھیلتا ہے اور ایک سے زائد وائرس کے خاندان پر مشتمل ہے، اس کی علامات میں کھانسی، بخار سانس لینے میں دشواری سمیت دیگر بیماریاں شامل ہیں۔