بیجنگ: (دنیا نیوز) خطرناک کرونا وائرس سے چین میں ہلاکتوں کی تعداد 41 ہوگئی، متاثرہ علاقے میں چین نے 450 ملٹری جوانوں پر مشتمل میڈیکل سٹاف بھجوا دیئے۔
چین نے پراسرار وائرس پر قابو پانے کے لیے وہان سمیت 12 قریبی شہروں میں ٹرانسپورٹ اور عوامی مقامات کو بند کر دیا ہے، 4 کروڑ 10 لاکھ افراد کو 14 دنوں کے لیے اپنے گھروں میں رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔ شہریوں کو جھیلوں، دریاؤں اور نہروں پر جانے سے روک دیا گیا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق مشتبہ وائرس سے متعلق 50 مریضوں کے ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔ برطانیہ میں کرونا وائرس کے شبے میں 14 مریضوں کو کلیئر قرار دے دیا ہے۔
جاپان، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا اور امریکا میں بھی کرونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں۔ فرانس میں تین، امریکا اور جاپان میں 2 کیس سامنے آئے۔ چین میں موجود متعدد امریکی سیاح واپس امریکا پہنچ گئے ہیں، یہ سیاح چین میں نئے قمری سال کی تقریبات میں شرکت کے لیے گئے تھے۔