ریاض: (دنیا نیوز) کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے سعودی عرب نے پیشگی اقدامات اپناتے ہوئے عمرہ اور سیاحتی ویزہ رکھنے والوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی، فیصلے کے بعد پاکستان سے عمرہ زائرین کی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے عمرہ، سیاحتی ویزہ اور پاسپورٹ کے بجائے شناختی کارڈ پر سعودی عرب آنے اور جانے والوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم مختلف ممالک میں موجود سعودی شہری اپنے شناختی کارڈ کے ذریعے وطن واپسی کا سفر کر سکیں گے، خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے شہری بھی سعودی عرب سے واپس جاسکتے ہیں۔
دوسری جانب کرونا وائرس سے پھیلاؤ کے پیش نظر پاکستان سے عمرہ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے، جس کے باعث ملتان اور لاہور سے زائرین کی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں، عمرہ زائرین کی فلائٹس ری شیڈول کرنے سے پہلے اجازت لینا ہوگی، قومی ایئر لائن اور نجی ایئر لائنز انتظامیہ کو فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا۔