کابل: (دنیا نیوز) افغان امن معاہدے کے بعد امریکا نے طالبان پر پہلا حملہ کر دیا، امریکی جنگی طیاروں نے ہلمند میں طالبان کو نشانہ بنایا۔
امریکی فوج کے ترجمان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ طالبان افغان فورسز کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنا رہے تھے، طالبان پر پہلا فضائی حملہ طالبان کے حملے کو روکنے کے لیے کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا امن کے لیے پرعزم ہیں لیکن ضرورت پڑنے پر اتحادیوں کا دفاع کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ طالبان عوام کی امن کی خواہش کو نظر انداز کر رہے ہیں۔
اس سے پہلے افغان شہر قندوز میں رات گئے طالبان نے چیک پوسٹ پر حملہ کیاجس میں 18 افغان فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ طالبان 10 اہلکاروں کو اغوا کر کے ساتھ لے گئے۔ افغان صدر کے طالبان کے قیدیوں کو رہا نہ کرنے کے بیان کے بعد طالبان نے افغان فورسز کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔