دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سات ہزار سے تجاوز

Last Updated On 08 March,2020 08:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سات ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ تین ہزار چھ سو ساٹھ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اعدادوشمار کے مطابق ساٹھ ہزار مریض صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

ایران میں کرونا وائرس سے مزید 49 افراد جاں بحق مرنے والوں کی تعداد 194 ہو گئی۔ سعودی عرب میں چار نئے مریض سامنے آنے کے بعد کل مریضوں کی تعداد11 ہوگئی۔ سعودی حکومت نے قطیف کے علاقے کو وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن کر دیا۔ حکومت نے قطیف کے علاقے میں تمام سرکاری اور نجی اداروں میں کام رکوا دیا ہے۔

اٹلی نے کرونا کے مقابلے کے لئے ملک کی ایک چوتھائی آبادی کو قرنطینہ کردیا ہے۔ بنگلا دیش میں پہلی بار تین افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

جنوبی کوریا میں 367 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 7100 سے زائد ہو گئی جبکہ امریکا میں مریضوں کی تعداد 440 سے تجاوز کر گئی۔ بھارت میں متاثرہ افراد کی تعداد 39، آسٹریلیا میں 74، جاپان میں 1151، ملائیشیا 93 اور سنگا پور 138 ہو گئی۔

چین میں سو سالہ مریض کرونا وائرس سے صحت یاب ہوگیا۔ 1920ء میں پیدا ہونے والا چینی شہری کرونا سے ٹھیک ہونے والے دنیا کا سب سے زیادہ عمر والا شخص بن گیا ہے۔

وائرس کے خدشے کے پیش نظر پوپ فرانسز کے ہفتہ وار دعائیہ خطاب کو لائیو نشر کیا گیا۔

ادھر چین کے شہر کونزو میں ہوٹل کی عمارت زمین بوس ہو گئی جس میں کئی لوگ ہلاک ہو گئے۔ اس عمارت کو کرونا کے مریضوں کے لیے قرنطینہ کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ فرانس نے ملک بھر میں سکولوں کو بند کرتے ہوئے 15 امریکی شہریوں کو بھی قرنطینہ میں ڈال دیا ہے۔
 

Advertisement