کرونا 180 ممالک میں پھیل گیا، ہلاکتوں کی تعداد دس ہزار پچاس ہو گئی

Last Updated On 20 March,2020 10:06 am

بیجنگ: (دنیا نیوز) کرونا دنیا کے ایک سو اسی ممالک میں پھیل گیا، ہلاکتوں کی تعداد دس ہزار پچاس ہو گئی، متاثرین کی تعداد دولاکھ پینتالیس ہزار چھ سو اکیاون ہے، اٹلی میں کرونا سے ہلاک افراد کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہوگئی جبکہ چین کرونا سے مرنے والوں کی تعداد دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔

کرونا نے دنیا میں پنجے گاڑھ لیے، اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد چین سے بھی بڑھ گئی۔ اٹلی میں کرونا سے 3 ہزار چار سو پانچ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ اکتالیس ہزار پینتیس افراد متاثر ہیں۔

چین میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد تین ہزار دو سواڑتالیس ہے۔ ایران میں عالمی وبا سے بارہ سو چوراسی افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ امریکا میں کرونا سے دو سو اٹھارہ افراد ہلاک اور چودہ ہزار تین سو اکیس افراد متاثر ہیں۔ کیلی فورنیا میں لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدات کر دی گئی۔ گورنر گیون نیوسم کے مطابق کیلی فورنیا کی 56 فیصد آبادی کرونا کے شکار ہونے کا خدشہ ہے۔

لاس اینجلس میں شاپنگ مراکز، انڈور مالز، غیر ضروری ریٹیل تجارتی سینٹر بند کر دیئے گئے۔ ارجنٹائن لاک ڈاؤن کرنے والا جنوبی امریکا کا پہلا ملک بن گیا۔

بھارت میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد چار ہو گئی جبکہ ایک سو چورانوے افراد متاثر ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنول انتونیو گوتریس نے عالمی رہنماؤں سےاس مشکل گھڑی میں مل کر کام کرنے کی اپیل کی ہے۔