اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس دنیا کے 204 ممالک اور خود مختار علاقوں میں پھیل چکا ہے، اربوں افراد گھروں میں بند ہیں تاہم اب بھی 18 ممالک ایسے ہیں جہاں عالمی وبا کا ایک کیس بھی رپورٹ نہیں ہوا۔
یمن، شمالی کوریا، تاجکستان اور ترکمانستان بھی عالمی وبا سے محفوظ ممالک میں شامل ہیں۔ 3 کروڑ آبادی والے ملک یمن میں خانہ جنگی کی وجہ سے شہریوں کے ٹیسٹ نہیں کیے جاسکے۔
ڈھائی کروڑ سے زیادہ آبادی والے شمالی کوریا کے پڑوس میں جنوبی کوریا، چین اور جاپان سب ملکوں میں کرونا وائرس پھیلا ہوا ہے لیکن اس نے ابھی تک ایک بھی کیس کی تصدیق نہیں کی۔
ترکمانستان میں تاحال کسی مریض کی اطلاع نہیں ملی لیکن وہاں حکومت نے ملک میں لفظ کورونا وائرس بولنے اور لکھنے پر پابندی لگا دی ہے، اگر کوئی اس وبا کے بارے میں بات کرتا پایا گیا تو اسے سخت سزا مل سکتی ہے، ماسک پہننا ایسا جرم ہوگا جس کے لیے جیل جانا پڑے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹھارہ ممالک کے علاوہ 32 خطے اور دس علاقے بھی عالمی وبا سے محفوظ ہیں۔