کورونا مریضوں کی تعداد 50 ہزار تک پہنچ سکتی ہے: رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

Last Updated On 04 April,2020 08:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آپریل کے آخری ہفتے تک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 50 ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔ وفاقی حکومت نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ 336 ملین ڈالر کی لاگت سے صحت ایمرجنسی پلان لاگو کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 25 اپریل تک سامنے آنے والے مریضوں میں 41 ہزار 482 معمولی نوعیت کے، 7 ہزار 24 سنگین اور 2 ہزار 392 کی حالت تشویش ناک ہو سکتی ہے۔ رواں ماہ کے آخر تک مشتبہ مریضوں کی ٹیسٹنگ سہولت میں بھی اضافہ کیا جائے گا، 336 ملین امریکی ڈالر کی لاگت سے ایمرجنسی ہیلتھ پلان لاگو کر دیا گیا ہے جس میں بیرونی امداد بھی شامل ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک بھر کے 154 اضلاع میں مشتبہ مریضوں کو قرنطینہ میں رکھنے کا بندوبست کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں قرنطینہ کیلئے 300 بستروں کا بندوبست کیا گیا ہے جبکہ چار ہسپتالوں میں آئسولیشن وارڈ ز بھی بنائے گئے ہیں۔ ائیر پورٹس اور داخلی راستوں پر 222 مشتبہ کرونا مریضوں کی شناخت کی گئی۔ بیرون ملک سے واپس آنے والوں کی سکریننگ اور جاں بحق افراد کی تدفین کا طریقہ کار بھی مرتب کیا گیا ہے۔
 

Advertisement