امریکا میں کورونا وائرس سے مزید ایک ہزار 939 افراد ہلاک

Last Updated On 21 April,2020 11:56 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں کورونا وائرس سے مزید ایک ہزار 939 افراد ہلاک ہو گئے، اموات کی تعداد 42 ہزار 518 ہو گئی، متاثرہ شہریوں کی تعداد آٹھ لاکھ کے قریب پہنچ گئی۔ صدر ٹرمپ نے امریکا کی امیگریشن پر عارضی پابندی کا اعلان کر دیا، تیل کی قیمت میں ریکارڈ کمی کے باعث امریکا ساڑھے سات کروڑ بیرل تیل کو ذخیرہ کرے گا۔

کورونا وائرس نے امریکا کو جکڑ لیا، مہلک وائرس سے مزید ایک ہزار 939 افراد دم توڑ گئے۔ متاثرہ شہریوں کی تعداد آٹھ لاکھ کے قریب پہنچ گئی نیویارک میں صورتحال بدستور خراب ہے، اب تک صرف72 ہزار کے قریب مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

امریکی خام تیل کی تاریخی گراوٹ پر صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ تیل کی گرتی قیمتوں کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کریں گے، ساڑھے سات کروڑ بیرل تیل کو ذخیرہ کرلیں گے، اضافی تیل قیمتیں بہتر ہونےپر فروخت کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے معیشت میں گراؤٹ کے باعث امریکا کی امیگریشن پر عارضی پابندی عائد کر دی، امریکی صدر ٹرمپ نے ٹویٹر پرپیغام میں کہا کہ اس وقت دکھائی نہ دینے والے دشمن کا سامنا ہے، امریکی شہریوں کی نوکریوں کے تحفظ کے خاطر امیگریشن پرعارضی پابندی کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کروں گا۔