سابق بھارتی میجر نے میڈیا پر کھلم کھلا بلوچستان میں در اندازی کا اعتراف کرلیا

Last Updated On 10 May,2020 08:44 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق بھارتی میجر نے اپنے میڈیا پر کھلم کھلا بلوچستان میں در اندازی کا اعتراف کرلیا ہے، گورَو آریا نے چند روز قبل بلوچستان میں پاک فوج پر دہشت گردانہ حملے کی پیش گوئی بھی کردی تھی۔

آج ٹیلی ویژن پر براہ راست اعتراف کرتے ہوئے سابق بھارتی میجر گورو آریا کا کہنا تھا کہ میں اعتراف کرتا ہوں کہ میں بلوچستان میں دہشت گردوں سے رابطے میں ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستانیوں کو سخت جواب دیں گے کہ یہ لوگ 10 نسلوں تک یاد رکھیں گے، بلوچستان میں دہشت گرد میرے دوست ہیں، انکے نمبر میرے فون میں محفوظ ہیں، میں ہر روز ان سے گفتگو کرتا ہوں۔

سابق بھارتی میجر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں اپنے دوستوں سے کہتا ہوں کہ بھارت کی پوری آبادی بلوچستان کی علیحدگی کے حق میں ہے، ہم ہندواڑا کا بدلہ لیں گے، ہندواڑہ کا بدلہ بلوچستان میں لیں گے۔

دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر فواد چودھری نے لکھا کہ یہ بہت افسوسناک بات ہے کہ سابق بھارتی فوجی ایک مرتبہ پھر بلوچستان میں مداخلت کا اعتراف کر رہے ہیں۔

ٹویٹر پر انہوں نے مزید لکھا کہ یہ بات ثابت کرتے ہیں کہ بلوچستان میں دہشتگردی بھارت کروا رہا ہے، مہذب دنیا جاگے اور اس کا نوٹس لے۔

واضح رہے کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کروانے کے لیے ہتھکنڈے استعمال کرتا رہتا ہے، اس کا سب سے بڑا ثبوت کلبھوشن یادیو ہے جسے پاک فوج نے بلوچستان سے گرفتار کیا تھا۔ اسی دوران بھارت کے مشیر قومی سلامتی اجیت ڈوول بھی بلوچستان میں دراندازی کے بارے میں ماضی میں باتیں کرتے رہے ہیں۔