بلوچستان: فورسزکی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، ایک افسر سمیت 6 جوان شہید

Last Updated On 08 May,2020 09:18 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) بلوچستان کے ضلع کیچ میں ایف سی ساؤتھ کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، دھماکے میں ایک افسر سمیت چھ جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بلوچستان کے ضلع کیچ میں پٹرولنگ آپریشن سے واپس آتے ہوئے باردوی سرنگ سے ٹکرائی۔ بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک فوجی افسر سمیت 6 جوان شہید ہو گئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پٹرولنگ آپریشن پاک ایران سرحد سے 14 کلومیٹر دور کیا گیا، اس آپریشن کا مقصد دہشتگردوں کے راستے کو روکنا تھا۔

 

وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا میں میجر ندیم، سپاہی ساجد، سپاہی ندیم،لانس نائیک تیمور، لانس نائیک خضر حیات اور نائیک جمشید شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک فوجی جوان زخمی بھی ہوا۔

 

میجر ندیم عباس بھٹی کا تعلق حافظ آباد، نائیک جمشید میانوالی، لانس نائیک تیمور کا تعلق تونسہ شریف، لانس نائیک خضر حیات کا تعلق اٹک، سپاہی ساجد مردان اور سپاہی ندیم کا تعلق تونسہ شریف سے ہے۔