اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز کے بعد مشکل کی گھڑی میں چین نے ایک مرتبہ پھر دوستی کا حق ادا کر دیا، میڈیکل ایمرجنسی ریلیف اشیاء کی دوسری کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چین سے میڈیکل ایمرجنسی ریلیف اشیا کی دوسری کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہے، چین کی جانب سے مزید وینٹی لیٹرز بھی بھجوائے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں پاکستان نے ہمارے ساتھ قابل قدر تعاون کیا: چین
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھجوائے گئے سامان میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس کیلئے حفاظتی لباس بھی شامل ہے، ریلیف کے سامان میں سرجیکل ماسک، ٹیسٹنگ کٹس، این 95 ماسک شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چین کے ڈاکٹروں کی ٹیم طبی سامان اور آلات کے ساتھ پاکستان پہنچ گئی: آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل ہوانگ چنگ زن کی قیادت میں چینی میڈیکل ٹیم بھی گزشتہ روز پہنچی تھی، چینی میڈیکل ٹیم میں مختلف وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹرز شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چینی میڈیکل ٹیم میں نرسنگ و ٹیسٹنگ ایکسپرٹس بھی پاکستان پہنچے، چینی میڈیکل ٹیم دو ماہ تک پاکستان میں کورونا کی روک تھام کیلئے خدمات انجام دے گی، چینی ماہرین صحت پاکستانی ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس کی رہنمائی بھی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مشکل وقت میں پاکستان کی کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے معاونت جاری رکھیں گے: چین
اس سے قبل پاکستان میں چین کے سفیر نے پاکستانیوں کو رمضان کی مبارک باد دی ہے اور ساتھ ہی امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان بھی جلد کورونا پر قابو پالے گا۔
سفیر یاو جِنگ: اس آزمائش کی گھڑی میں چینی حکومت اور چینی عوام وبا سے نمٹنے کے لئے اپنے پاکستانی ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔ پاکستان اس مہلک وائرس پر جلد قابو پالے گی۔ میں آگے صحت مند، محفوظ اور مبارک رمضان کی خواہش کرتا ہوں۔ #RamadanMubarak #Covid_19 @ForeignOfficePk @MFA_China pic.twitter.com/T6omFK5LgS
— Chinese Emb Pakistan (@CathayPak) April 25, 2020
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں چینی سفیر یاؤ جنگ نے کہا کہ چینی حکومت اور عوام کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی بھرپور مدد کر رہے ہیں، پاکستان بالآخر کورونا چیلنج پر قابو پالے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چینی سفیر یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان نے چین کے ساتھ قابل قدر تعاون کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤ جنگ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود سے ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران کورونا وائرس کی صورتحال اور اس سے نبرد آزما ہونے کیلئے کی جانے والی کاوشوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی سفیر نے کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی سنجیدہ کاوشوں کو سراہا۔ چینی سفیر نے کورونا وبا سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے پاکستان پریپیرڈنس اینڈ رسپانس پلان مرتب کرنے پر وزیر خارجہ کو مبارکباد دی۔
وزیر خارجہ نے نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے پاکستان کی بروقت مدد کرنے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چینی ماہرین صحت کی ٹیم کے پاکستان آمد سے، ہمیں کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے چین کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کا موقع میسر آیا۔ چین نے نہ صرف اپنے ملک میں وائرس کو بہت اچھے طریقے سے کنٹرول کیا بلکہ باقی ممالک کو بھی اس وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے معاونت فراہم کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) نہ صرف دونوں ممالک کیلئے بلکہ پورے خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کی جلد تکمیل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کی تکمیل سے صنعت، صحت، زراعت اور معاشی ترقی کے بہت سے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ چین نے ایک بار پھر دنیا کو دکھایا ہے کہ وہ پاکستان کے مثالی دوست اور آئرن برادر ہیں اور وہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ تعاون اور ہم آہنگی کے لیے دستیاب ہیں۔
چینی سفیر نے صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ چین کا حوالہ دیتے ہوئے اس مشکل گھڑی میں چینی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر وزیر خارجہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
چینی سفیر یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان نے چین کے ساتھ قابل قدر تعاون کیا ، سی پیک کی منصوبہ اولین ترجیح ہے دونوں ممالک عملدرآمد جاری رکھیں گے۔