ایران نے میزائل سے اپنے ہی بحری جہاز کو نشانہ بنا دیا، 20 فوجی جاں بحق

Last Updated On 11 May,2020 04:39 pm

تہران: (دنیا نیوز) ایران نےمیزائل سے اپنے ہی بحری جہاز کو نشانہ بنا دیا ، واقعے میں 20 فوجی جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے، جہاز میں عملے کے 40 افراد موجود تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی بحریہ کو خلیج عمان میں جاری مشقوں کے دوران غلطی سے بڑا نقصان دیکھنا پڑ گیا، ایرانی بحری جہاز سے داغے جانے والے میزائل نے اپنے ہی دوسرے بحری جہاز کو نشانہ بنا دیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے میں 20 فوجی جاں بحق ہو گئے اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، ایرانی حکام کے مطابق واقعہ خلیج عمان میں پیش آیا ایرانی فورسز یہاں اکثرمشقیں کرتی رہتی ہیں، یہ فوجی لحاظ سے اہم سمندری حدود ہے۔

سرکاری ٹی وی کا کہنا تھا واقعہ دونوں جہازوں کے درمیان مناسب فاصلہ نہ ہونے کے باعث پیش آیا۔ پاسدرانِ انقلاب نے اسے انسانی غلطی قرار دیا ہے۔

دوسری طرف ترک میڈیا کے مطابق جہاز میں عملے کے 40 افراد موجود تھے۔

 یاد رہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب نے 11 جنوری کو اعلان کیا تھا کہ وہ 8 جنوری کو یوکرین کے مسافر طیارے کے کروز میزائل کے ذریعے مار گرائے جانے کے واقعے کی ذمے داری قبول کرتی ہے۔ اس حادثے میں 176 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ پاسداران کا دعوی تھا کہ مذکورہ طیارے نے اپنی واپسی کے روٹ سے انحراف کیا تھا۔ بعد ازاں یوکرین نے نقشوں کی مدد سے اس کی تردید کر دی تھی۔

 

Advertisement