آبنائے ہرمز میں 11 ایرانی جنگی کشتیاں ہمارے جنگی جہازوں کے قریب آئیں: امریکا کا الزام

Last Updated On 16 April,2020 11:08 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے الزام عائد کیا ہے کہ خلیج فارس (آبنائے ہرمز) میں 11 ایرانی جنگی کشتیاں امریکا کے جنگی جہازوں کے قریب آئیں۔

امریکی فوج کے بیان کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کی جنگی کشتیاں 9 میٹر کی خطرناک حد تک امریکا کے 6 جنگی جہازوں کے قریب آئیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی جہازوں نے ایرانی کشتیوں کو مسلسل وارننگ سگنلز بھیجے جسکے باوجود ایرانی کشتیاں وہاں سے ایک گھنٹے بعد گئیں۔

دریں اثناء امریکی بحریہ کا کہنا ہے کہ خلیج عربی کے شمال میں بین الاقوامی پانی کے اندر ایرانی جنگی کشتیوں کی سرگرمیاں "خطرناک اور اشتعال انگیز" ہیں۔

امریکی بحریہ کا مزید کہنا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب کی 11 جنگی کشتیوں نے خلیج میں امریکی بحری جہازوں کے قریب آنے اور خطرناک حد تک ہراس کی کارروائیاں کیں۔ ایرانی کشتیاں امریکی کوسٹ گارڈز کے زیر انتظام بحری جہاز سے 10 گز کی مسافت تک آ پہنچی تھیں۔

واضح رہے کہ واشنگٹن اور تہران کے بیچ کشیدگی کے سائے میں گذشتہ چند برسوں کے دوران خلیج میں ایرانی مسلح کشتیوں کے امریکی بحری جنگی جہازوں کے نزدیک آنے کا منظرنامہ کئی بار دیکھا گیا۔
 

Advertisement