برازیلی صدر کے لاک ڈاؤن ختم کرنے کے حمایت میں ہزاروں افراد سڑکوں پر آ گئے

Last Updated On 18 May,2020 05:34 pm

ریوڈی جنیرو: (دنیا نیوز) برازیلی صدر کے لاک ڈاؤن ختم کرنے کے اقدامات کی حمایت میں ہزاروں افراد سڑکوں پر آ گئے، لندن میں بھی لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

برازیلی دارالحکومت میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کے اقدام کی حمایت میں ہزاروں افراد ایوان صدر کے سامنے جمع ہو گئے۔ مظاہرے میں صدر بولسونارو نے خود شرکت کی۔

صدر بولسونارو کے حامی ان کے دفتر کے سامنے روزانہ کی بنیاد پر جمع ہوتے ہیں، دوسرے شہروں میں بھی لوگوں نے پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے خلاف ریلیاں نکالیں، صدر بولسونارو نے ملک میں متعدد تجارتی سرگرمیوں کو کھول دیا تھا۔

برازیل میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 41 ہزار سے زائد اور مرنے والوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، لاطینی امریکا کا یہ ملک متاثرہ ممالک کی فہرست میں دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن چکا ہے۔

برطانیہ میں بھی لاک ڈاؤن کے خلاف بڑا مظاہرہ کیا گیا، لندن میں ہونے والے مظاہرے میں سابق اپوزیشن لیڈر جیرمی کوربن کے بھائی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس اہلکاروں نے احتجاج کرنے والوں کو زدو کوب کیا اور متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔