برازیلیا: (ویب ڈیسک) ہر انسان میں قدرتی طور پر دو گردے ہیں تاہم برازیل سے ایک حیران کن خبر آئی ہے جس نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے،ایک شخص جسے کمر کی تکلیف تھی جب وہ ڈاکٹر کے پاس گیا تو پتہ چلا اس کے دو نہیں بلکہ تین گردے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں ایک 38 سالہ آدمی کی کمر میں شدید تکلیف تھی جس کے باعث وہ ہسپتال میں کمر درد کا معائنہ کرانے کے لیے پہنچا۔
ڈاکٹروں کی جانب سے آدمی کا سی ٹی سکین کیا گیا جس کے نتائج دیکھ کر وہ حیران رہ گئے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کی کمر میں درد مہرا ہل جانے کی وجہ سے تھا جسے ٹھیک کر دیا گیا ہے لیکن اس تکلیف کے دوران آدمی میں 3 گردوں کا انکشاف ہوا جو کہ حیران کن تھا۔
A 38-year-old man presented with low back pain associated with a herniated disk. A computed tomographic scan incidentally showed the presence of three kidneys.
— NEJM (@NEJM) May 9, 2020
خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے بتایا کہ اس شخص کے بائیں طرف ایک نارمل سائز کا گردہ ہے جب کہ دائیں طرف چھوٹے سائز کے 2 گردے ہیں جو آپس میں جڑے ہوئے ہیں اور انہیں آج تک گردوں سے متعلق کوئی مسئلہ نہیں ہوا اور وہ ایک صحت مند زندگی گزار رہے ہیں۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں ایسا بہت ہی کم دیکھنے میں آیا ہے کہ کسی شخص کے جسم میں 3 گردے ہیں، ایسا پوری دنیا سے آج تک 100 سے بھی کم افراد میں ہوا ہے۔