لاہور: (تحریر : عاصم اقبال) دنیا بھر میں لا تعداد اقسام کے جانور پائے جاتے ہیں اور آج تک ماہرین ان کی نسلوں اور قسموں کا درست اندازہ نہیں لگا پائے۔ آج ہم آپ کو چند جانوروں کے حوالے سے کچھ دلچسپ اور حیرت انگیز معلومات سے آگاہ کریں گے اور ہمیں امید ہے کہ انہیں پڑھنے کے بعد آپ کی معلومات میں اضافہ ہوگا۔
درختوں پر چڑھنے والے بکرے:
آسٹریلیا کے بعض علاقوں میں ایسے بکرے پائے جاتے ہیں جو مچھلیاں کھاتے ہیں اور درختوں پر بھی چڑھ جاتے ہیں۔
سب سے چھوٹا بندر:
جنوبی افریقہ میں ایک ایسے نسل کا بندر پایا جاتا ہے جس کے جسم کی لمبائی ساڑھے پانچ انچ ہوتی ہے۔ اس نسل کے بالغ بندروں کا وزن عام طور پر تقریباً دو سو پچاس گرام ہوتا ہے۔ یہ بندر بھی درختوں پر رہتے ہیں اور کیڑے مکوڑے یا درختوں کے عام پھل کھا کر گزارہ کرتے ہیں۔
حیرت انگیز کیڑا:
لوبسٹر ایک کیڑے کا نام ہے جسے حیرت انگیز کیڑا بھی کہتے ہیں۔ اس کی دو آنکھیں ہوتی ہیں اور ہر آنکھ میں تیرہ ہزار عدسے اور تیرہ ہزار اعصابی ریشے ہوتے ہیں۔ اگر لوبسٹر کی آنکھ ضائع ہو جائے تو یہ آنکھ نئے سرے سے بالکل پہلے والی آنکھ کی خاصیت کے ساتھ پھر پیدا ہو جاتی ہے۔
گونگا پرندہ:
یہ تو آپ جانتے ہیں کہ تمام پرندے اپنی اپنی بولیاں بولتے ہیں، لیکن آپ کو جان کر حیرت ہو گی کہ ایک ایسا پرندہ بھی ہے جو کبھی نہیں بولتا۔ اسے آپ گونگا پرندہ کہہ سکتے ہیں جس کا نام سارس ہے۔