انڈونیشیا میں تدفین کے دوران بنائی گئی وڈیو میں مُردہ زندہ ہو گیا؟

Last Updated On 15 May,2020 02:14 pm

جکارتہ: (ویب ڈیسک) انڈونیشیا کے قبرستان میں ایک شخص کو دفنانے کے بعد گھر والوں کو وڈیو کے ذریعے پتہ چلا کہ تدفین کے وقت مذکورہ شخص زندہ تھا جس پر سب حیرت اور دہشت کی ملی جلی کیفیت کا شکار ہو گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اںڈونیشیا کے شمال میں واقع جزیرے سولاویسی کے شہر میناڈو کے قبرستان میں ایک شخص کو دفنانے کے دوران گھر والے غم سے نڈھال تھے جبکہ ایک فرد مرنے والے کی وڈیو بنانے لگا جس میں ایسے نظر آیا کہ تابوت کے اندر موجود میت نے اپنا ہاتھ ہلایا ہو، یہ سب اتنی جلدی ہوا کہ وڈیو بنانے والے کو بھی پتہ نہیں چلا۔

اگلے روز وڈیو دیکھنے پر لوگوں نے معاملے کو نوٹ کیا، حکام سے سوال کیا گیا کہ مذکورہ شخص زندہ تھا یا نہیں۔ حکام نے فیصلہ کیا کہ قبر کھول کر دیکھا جائے کہ تابوت کے شیشے میں جو چیز نظر آئی وہ مرنے والے شخص کا ہاتھ تھا یا کسی چیز کا عکس تھا۔

سوشل میڈیا پر لوگوں کا کہنا ہے کہ وڈیو میں نظر آنے والی چیز اوپر اڑتے کسی پرندے کا عکس ہو سکتا ہے جبکہ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ میت کا ہاتھ سینے پر ٹکا ہو جو بعد میں لڑھک کر نیچے گر گیا ہو۔