سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم جاری ہیں، قابض فوج نے ضلع راجوڑی میں سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید 3 کشمیریوں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔
بھارتی فورسز نے ضلع راجوڑی کے علاقے نواشہرا میں سرچ آپریشن کے دوران نوجوانوں کو شہید کیا، غاصب فوج نے ضلع بڈگام سے 6 نوجوانوں کو بھی گرفتار کر لیا۔
ظالمانہ کارروائی کے خلاف کشمیریوں نے احتجاج کرتے ہوئے بھارتی فوجیوں پر شدید پتھراو کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق مئی کے مہینے میں دوبچوں سمیت 21 کشمیریوں کو شہید کیا گیا جبکہ 200 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ وادی میں لاک ڈاون جاری ہے جس کی وجہ سے کشمیریوں کا جینا دوبھر ہو چکا ہے، علاقے میں کھانے پینے کی اشیا کی شدید قلت ہے جبکہ باہمی رابطے کیلئے انٹرنیٹ کا استعمال بھی ممنوع ہے۔ اس ذہنی اذیت والے ماحول میں جب کشمیری بے جا پابندیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہیں تو بھارتی فوج ان پر گولیاں برسانے سے بھی دریغ نہیں کرتی۔