سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں قابض اور ظالم بھارتی فوج نوجوانوں کی ماورائے عدالت مزید تین جوانوں کو شہید کر دیا، تین روز کے دوران شہید کشمیریوں کی تعداد 18 ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع پلوامہ میں قابض بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر کے سرچ آپریشن کیا، گھر گھر تلاشی کے دوران خواتین سے بدتمیزی کی گئی اور بزرگوں بچوں کو ہراساں کیا گیا جبکہ نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سیل کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران قابض اور سفاک بھارتی فوج کی فائرنگ سے تین نوجوان شہید ہو گئے، یہ آپریشن ضلع پلوامہ کے علاقے کنگن میں کیا گیا، آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے شہر کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دیئے اور انٹر نیٹ کی سروس بھی معطل کر دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: مزید دو نوجوان شہید، بھارتی فوج نے 24 گھنٹوں کے دوران 15 کشمیریوں کی جان لے لی
گزشتہ روز بھی پلوامہ میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 2 نوجوانوں کو شہید کردیا گیا تھا اس طرح 3 دنوں میں پلوامہ، پونچھ اور راجوڑی میں سرچ آپریشن کے دوران شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں اضافہ ہوا ہے سرچ آپریشن کے نام پر بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی جا رہی ہے جب کہ کئی علاقوں میں تاحال کرفیو نافذ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل، پاکستان کی شدید مذمت
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں 15 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی تھی۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ قابض بھارتی فورسز نے ایک روز میں 13 معصوم کشمیریوں کو قتل کیا، نام نہادانسداد دراندازی آپریشن کے نام پرکشمیریوں کاجعلی مقابلوں میں قتل کیاجا رہا ہے، عالمی برادری کورونا سے نبردآزما ہے تو بھارت کشمیر میں مظالم بڑھا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری، ضلع راجوڑی میں مزید 3 کشمیری شہید کر دیئے
دفتر خارجہ کے مطابق ایک ہی دن میں 13 کشمیریوں قتل بھارت انسانیت سوز مظالم و جرائم کا مظہر ہے، بھارتی حکام اپنے جرائم چھپانے کیلئے کشمیری مزاحمت کاروں کی تربیت، دراندازی کےالزام لگا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آرایس ایس اوربی جے پی اپنے اقدامات کی وجہ سے دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی، بھارت جان لے کہ اسکے مظالم کشمیری عوام کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے، پاکستان مخالف پراپیگنڈہ بھارتی ریاستی دہشتگردی سے عالمی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔