نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خوفناک صورت حال پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
جنیوا میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندوں کا کہنا تھا کہ اگر بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی تحقیقات نہیں کرتا تو عالمی برادری کو آگے بڑھ کر یہ قدم اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے بھارت کو لکھے گئے خطوط کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ انہوں نے تحقیقات کے لیے بھارت سے انسانی حقوق کے کمیشن کے دوروں کا شیڈول بھی جلد جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔
گزشتہ برس اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق میشل باکلیٹ بھی بھارت سے مطالبہ کر چکی ہیں کہ وہ کشمیر میں جاری لاک ڈاون صورتحال میں کمی لائے اور شہریوں کو بنیادی سہولتوں تک رسائی کی اجازت دے۔
واضح رہے کہ بھارت نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق تنظیموں کے بار بار مطالبے کے باوجود کشمیر میں مظالم جاری رکھے ہوئے ہے اور عالمی قوانین کو خاطر میں نہیں لاتا۔