امریکی وزیر خارجہ کا افغان جرگہ پر طالبان قیدیوں کی رہائی کے لیے زور

Last Updated On 07 August,2020 11:05 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افغان جرگہ پر طالبان قیدیوں کی رہائی کے لیے زور دیا ہے۔

امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ جانتے ہیں طالبان قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ غیر مقبول ہے لیکن یہ مشکل کام تشدد کے عمل کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا اس سے افغان مذاکرات اور امن معاہدے کی راہ ہموار ہو گی، جنگ زدہ افغان قوم کے آگے بڑھنے کے لیے رہائی کا عمل مددگار ثابت ہو گا۔

چند روز قبل طالبان رہنام ملا برادر اور امریکی وزیرِ خارجہ کے مابین بات چیت ہوئی تھی جس میں طالبان نے امریکہ پر ایک مرتبہ پھر واضح کیا تھا کہ بین الافغان مذاکرات کا آغاز طالبان قیدیوں کی مکمل رہائی سے مشروط ہے۔

یہ بات ایسے موقع پر کی گئی تھی کہ افغان حکومت اب تک 4600 طالبان قیدیوں کو رہا کر چکی ہے تاہم اشرف غنی کی حکومت باقی ماندہ 400 طالبان قیدیوں کو رہا کرنے میں پس و پیش سے کام لے رہی ہے۔ اب امریکہ افغان حکومت پر زور دے رہا ہے کہ وہ طالبان قیدیوں کو رہا کرے تاکہ افغان امن عمل کامیابی سے جاری رہ سکے۔