بیروت: (دنیا نیوز) لبنان کی پارلیمنٹ نے ملک میں ہنگامی حالات کے نفاذ اور فوج کے لیے وسیع اختیارات کی منظوری دے دی۔
پارلیمنٹ نے بیروت دھماکے کے بعد ملک میں حالیہ مظاہروں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر ہنگامی حالات کے نفاذ اور فوج کے لیے وسیع انتظامی اختیارات کی منظوری دی۔ جس کے بعد فوج تقریر و تحریر، اجتماع اور سیکیورٹی سے متعلق شبہات کی بنیاد پر کسی بھی شخص کو گرفتار کر سکتی ہے۔ اس کے بعد عدالتی نظام کی جگہ فوجی عدالتیں لے لیں گی۔
واضح رہے کہ بیروت بندرگاہ پر دھماکے کے بعد لبنان میں سیاسی صورتحال پیچیدہ ہو گئی ہے۔ حادثے میں 200 سے زائد افراد ہلاک جبکہ 4 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے جبکہ 2 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ اس خوفناک دھماکے کے بعد ملک میں مظاہرے شروع ہو گئے تھے جن کو کنٹرول کرنے کیلئے لبنانی پارلیمنٹ نے تازہ پیش قدمی کی ہے۔