امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے فیس بک کی بھارت نواز پالیسی بے نقاب کردی

Published On 15 August,2020 10:59 pm

نیو یارک: (دنیا نیوز) امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے فیس بک کی بھارت نواز پالیسی بے نقاب کردی ہے، رپورٹ میں کہا گیا کہ نفرت انگیز مواد شیئر کرنے کے باوجو د سوشل میڈیا پلیٹ فارم بی جے پی کے رہنماؤں کے خلاف کارروائی نہیں کرتا۔

امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے فیس بک کی بھارت نوازی کا بھانڈا پھوڑ دیا، سوشل میڈیا ایپ مالی مفاد کھونے کے خوف سے بی جے پی کے متعصب رہنماؤں کے خلاف اقدام کرنے سے گریزاں ہے۔

رپورٹ میں کہا گیاکہ لوگوں کو مسلمانوں کے قتل پر اکسانے اور مساجد کو منہدم کرنے کی دھمکی دینے والا بی جے پی کا سیاستدان فیس بک اور انسٹا گرام پر اب تک فعال ہے حالانکہ سوشل میڈیا پوسٹس کو مانیٹر کرنے والے، فیس بک اہلکار راجا سنگھ کی پوسٹس کو نفرت آمیز قرار دے چکے ہیں مگر بھارت میں تعینات فیس بک ایگزیکٹو نے بی جے پی رہنماؤں کے خلاف کارروائی سے روک رکھا ہے۔

رپورٹ کے مطابق فیس بک ایگزیکٹو انکھی داس نہ صرف بی جے پی حامی ہیں بلکہ نریندر مودی کی تعریف میں آرٹیکلزبھی لکھ چکی ہیں، انکا موقف ہے کہ بی جے پی رہنماؤ ں کے خلاف اقدام سے کمپنی کے کاروبار کونقصان پہنچ سکتا ہے۔