روس: پوٹن کے ناقد کے جسم سے مہلک مادہ برآمد، علاج کیلئے جرمن ڈاکٹر پہنچ گئے

Published On 21 August,2020 04:33 pm

ماسکو: (دنیا نیوز) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے حریف سیاستدان الیکسی نوالنے کے علاج کے لیے جرمنی سے ڈاکٹر سائبیریا پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق نوالنے کی طبیعت گزشتہ روز ماسکو آتے ہوئے دوران پرواز اچانک خراب ہوگئی تھی۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ اگر ڈاکٹرز اجازت دیں تو نوالنے کو جرمنی منتقل کرنے میں کوئی اعتراض نہیں، تاہم ڈاکٹروں کے مطابق نوالنے کی حالات بدستور انتہائی خراب ہے اور وہ فضائی سفر کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔

الیکسی نوالنے کےحامیوں کا خیال ہے کہ انہیں زہر دیا گیا ہے اور وہ علاج کے لیے الیکسی نوالنے کو جرمنی منتقل کرنا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ الیکسی نوالنی کی وجہ شہرت صدر پوتن کے خلاف آواز اٹھانا اور ان کی مبینہ بدعنوانی کو منظرِ عام پر لانا ہے۔

2011 میں انھیں 15 دن کے لیے گرفتار کیا گیا جب انھوں نے صدر پوتن کی پارٹی کی جانب سے پارلیمانی انتخابات میں مبینہ طور پر دھاندلی کے خلاف احتجاج کیا تھا۔

2013 میں بھی انھیں مالی بدعنوانی کے الزامات کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تھا تاہم اس مرتبہ بھی کیس کو بطور سیاسی انتقام دیکھا گیا تھا۔

انھوں نے 2018 میں صدارتی دوڑ میں حصہ لینے کی کوشش کی لیکن انھیں ماضی کی سزا کی بنا پر روک دیا گیا تھا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ یہ فیصلہ سیاسی بنیاد پر کیا گیا۔

جولائی 2019 میں الیکسی نوالنی کو غیر منظور شدہ مظاہرے کرنے پر 30 دن کی قید سنائی گئی تھی۔ اس قید کے دوران بھی ان کی صحت خراب ہوئی تھی اور انھوں نے کہا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ انھیں زہر دیا گیا ہو۔

2017 میں ان کی دائیں آنکھ کیمیائی مادے سے جل گئی تھی۔ ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ انھیں کوئی الرجی نہیں تھی اور ہوسکتا ہے کہ ان پر زہریلے مواد سے حملہ کیا گیا ہو۔
 

Advertisement