پیرس: (ویب ڈیسک) فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں میگزین چارلی ایبڈو کے دفتر کے قریب چاقو کے حملے میں چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمی افراد میں سے دو کی حالت نازک ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرانس کے شہر پیرس میں فرانسیسی میگزین چارلی ایبڈو کے دفتر کے قریب چاقو کے حملے میں چار افراد کو زخمی کر دیا ہے، ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دو مشتبہ افراد فرار ہوئے۔
فرانسیسی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پیرس میں ایک سنجیدہ واقعہ پیش آیا ہے۔ چار افراد زخمی ہوئے ہیں اور دو افراد کی حالات نازک ہیں۔ یہ واقعہ فرانسیسی میگزین چارلی ایبڈو کے پرانے دفتر کے سامنے ہوا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واردات اس وقت ہوئی جب پیرس میں چارلی ایبڈو پر حملے میں ملوث افراد کے خلاف کیس کی سماعت جاری تھی۔
یاد رہے کہ 2015 میں چارلی ایبڈو پر حملہ ہوا تھا، اس حملے میں بارہ افراد ہلاک ہوئے تھے جس میں کارٹونسٹ بھی شامل تھے۔ القاعدہ نے اس وقت چارلی ایبڈو پر دوبارہ حملہ کرنے کی دھمکی دی تھی۔
حملے میں ملوث افراد کے خلاف کیس سماعت جمعے کو دوبارہ اس وقت شروع ہوئی جب ایک ملزم کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ نیگٹو آیا۔ سماعت کا آغاز دو ستمبر کو ہوا تھا تاہم ایک مجرم کی علالت کے باعث مقدمہ ملتوی ہو گیا تھا۔