فنوم پین: (دنیا نیوز) کمبوڈیا میں سیلاب سے 16 افراد ہلاک ہو گئے، ہزاروں ایکڑ رقبہ زیرِ آب آ گیا جس کے سبب ہزاروں افراد محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔
جنوب مشرقی ایشیا کے ملک کمبوڈیا کے مغربی صوبے میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، سکیورٹی اہلکاروں نے پانی میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ان کی امداد مہم شروع کر دی جس کے دوران امدادی کارکن کھانے پینے کی اشیا متاثرہ علاقوں میں تقسیم کرتے رہے جبکہ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کا کام جاری ہے۔
حکومت نے شدید بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے، متاثرہ علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے بھی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔ کمبوڈیا کے سرکاری اداروں کے مطابق موسلادھار بارشیں کئی دنوں سے جاری ہیں جس کے سبب امدادی کاموں میں مشکلات اور ہنگامی صورتحال مزید جاری رہنے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ کمبوڈیا کے ہمسایہ ملک تھائی لینڈ میں بھی بارشوں کے سبب سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔