مدینہ منورہ: (دنیا نیوز) مسجد نبوی میں نماز اور روضہ رسول ﷺ کی زیارت کا پہلا مرحلہ شروع ہو گیا، روضہ رسول ﷺ کی 75 فیصد تک گنجائش کے حساب سے معتمرین کو حفاظتی تدابیر کے ساتھ اجازت دی گئی ہے۔
مسجد نبوی کی انتظامیہ اور سکیورٹی فورس کے اہلکار روضہ شریف میں نماز اور صلوة و سلام کے لیے آنے والے زائرین کو منظم کر رہے ہیں، مسجد نبوی کی انتظامیہ کے مطابق زیارت کے خواہش مند معتمر ایپ کے ذریعے اجازت نامہ حاصل کریں، اس کے بغیر کسی کو نماز اور زیارت کے لیے آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
واضح رہے کہ خانہ کعبہ میں بھی عمرہ کی اجازت بھی رواں ماہ کے شروع دنوں میں دی گئی ہے، زائرین کو گروپوں کی شکل میں ایس او پیز پر عمل درآمد کرواتے ہوئے عمرہ کی اجازت دی گئی ہے۔ 4 اکتوبر کو خانہ کعبہ میں 7 ماہ کے تعطل کے بعد معتمرین نے عمرہ ادا کیا۔
عمرے کا دوسرا مرحلہ بھی آج سے شروع ہو رہا ہے جس میں معتمرین کی تعداد بڑھ کر 40 ہزار ہو جائے گی۔