واشنگٹن: (دنیا نیوز) ڈیمو کریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے کہا ہے کہ اپنی پوزیشن سے مطمئن ہیں، امید ہے صدارتی انتخابات جیت جائیں گے، پنسلوانیا سے بھی کامیاب ہوں گے۔
جوبائیڈن نے امریکی شہر ولمنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جیت کی راہ پر گامزن ہیں، تحمل رکھیں ہم جیت رہے ہیں، حامیوں کا شکرگذار ہوں، نتائج مکمل ہونے میں وقت لگے گا، ہر ووٹ کی گنتی تک مقابلہ ہے۔
ڈیمو کریٹک صدارتی امیدوار کا کہنا تھا کہ پر امن انتقال اقتدار ہونے جا رہا ہے، میں جیت گیا تو امریکا کو سیاسی بنیادوں پر تقسیم نہیں ہونے دوں گا، ٹرمپ امریکا کو پیچھے لے کر گئے، ٹرمپ کی خام خیالی ہے کہ دوبار انتخابات جیت جائیں گے۔
دوسری جانب امریکا میں واشنگٹن سمیت بیشتر ریاستوں میں پولنگ کا وقت ختم ہو گیا جبکہ گنتی کا عمل جاری ہے۔ اب تک کے ایگزیٹ پولز میں جوبائیڈن کو صدر ٹرمپ پر برتری حاصل ہے۔ جوبائیڈن 227 الیکٹورل ووٹوں کے ساتھ آگے جبکہ ٹرمپ 213 الیکٹورل ووٹ کیساتھ پیچھے ہیں۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ یا جوبائیڈن کو صدارت سنبھالنے کے لیے 538 میں سے 270 الیکٹورل ووٹس کی ضرورت ہے، پولنگ کے مکمل نتائج آنے اور ان کے حتمی سرکاری اعلان کے لیے رواں سال 14 دسمبر کی تاریخ رکھی گئی ہے۔