آذر بائیجان نے روس کا جنگی ہیلی کاپٹر مار گرایا، دو افراد ہلاک

Published On 09 November,2020 10:38 pm

باکو: (ویب ڈیسک) آذر بائیجان اور آرمینیا کی لڑائی کے دوران مسلم ملک نے روسی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا جس کے باعث دو افراد ہلاک ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق آرمینیا اور آذر بائیجان کے درمیان لڑائی جاری ہے، مسلم ملک نے متعدد مقبوضہ علاقوں کو آزاد کروا لیا ہے جس کے بعد آرمینیائی وزیراعظم نے روس سے مدد حاصل کی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق روسی ہیلی کاپٹر کو آذر بائیجان نے مارا گرایا ہے، جس کے باعث عملہ کے دو ارکان ہلاک ہو گئے ہیں۔

روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ایم آئی 24 ہیلی کاپٹر آذر بائیجان کی سرحد کے قریب پرواز کر رہا تھا، جہاں پر آرمینیا اور مسلم ملک کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ جہاں پر آرمینیا کے باغی آذر بائیجان کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

روسی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کے جنگی ہیلی کاپٹر کو آذربائیجان کے پہاڑوں میں محصورہ خودمختار علاقے ’ناخچیوان خود مختار جمہوریہ‘ میں گرایا گیا جس کے نتیجے میں عملے کے دو ارکان ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔

آرمینیا نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ روس کا جنگی ہیلی کاپٹر یرہسخ نامی گاؤں میں گر کر تباہ ہوا ہے۔

دوسری جانب آذربائیجان نے غلطی سے روسی طیارہ مار گرانے کا اعتراف کرلیا ہے اور اس واقعے پر معذرت بھی کی ہے۔

خیال رہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان نگورنو کاراباخ کے معاملے پر گزشتہ کئی ہفتوں سے جنگ جاری ہے اور دونوں جانب سے مسلسل جانی نقصان سامنے آرہا ہے۔
 

Advertisement