لیما: (دنیا نیوز) پیرو میں صدر کے مواخذے کے خلاف جاری ہنگامہ خیز احتجاج پر عبوری صدر نے بھی استعفیٰ دے دیا۔ 5 روز سے جاری مظاہروں میں اب تک 2 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
پیرو کی کانگریس کو صدر مارٹن وزکارا کا مواخذہ مہنگا پڑ گیا۔ ملک بھر میں ان کے حامیوں نے زبردست احتجاج کیا۔ صدر کے مواخذے کے خلاف جاری ہنگامہ خیز احتجاج پر عبوری صدر مینوئل میرینو نے بھی استعفیٰ دے دیا۔
دارالحکومت لیما کی مرکزی شاہراہ پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس نے آنسو گیس کے شیل پھینکے اور ربڑ کی گولیاں چلائیں۔ جواب میں مظاہرین نے بھی سکیورٹی اہلکاروں پر پتھراؤ کیا۔ 5 روز سے جاری پُرتشدد مظاہروں میں دو نوجوان ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔