لیما: (دنیا نیوز) پیرو میں حکومت مخالف احتجاج میں ہنگامہ آرائی ہوئی، پولیس اہلکاروں نے آنسو گیس کے شیل چلائے جس سے صحافی سمیت کئی افراد زخمی ہو گئے۔
لاطینی امریکی ملک پیرو میں حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا، دارالحکومت لیما کی سڑکیں میدان جنگ بن گئیں۔ مظاہرین اور پولیس اہلکار آمنے سامنے آ گئے، مظاہرین نے خوب نعرے بازی کی جبکہ پولیس پر شدید پتھراو کیا۔
سکیورٹی اہلکاروں نے ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولے برسائے، کچھ مظاہرین کے دم گھٹنے کے سبب دیگر مظاہرین مزید مشتعل ہو گئے اور پولیس کے ساتھ گتھم گتھا ہو گؕئے۔ اس دوران صحافی سمیت کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔ پولیس نے بعض مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔
اپوزیشن کارکنان اپنے لیڈر کو کانگریس سے اچانک نکالنے پر سراپا احتجاج تھے اور حکومتی اراکین اسمبلی سے استعفے دینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ دیگر اپوزیشن رہنماوں نے بھی صدر مارٹن وزکارا کی معزولی کی شدید الفاظ میں مذمت کی، ان کا کہنا تھا کہ یہ اقتدار پر غیر قانونی قبضے کی نئی شکل ہے۔ معزول صدر مارٹن وزکارا نے موقف اپنایا کہ وہ کسی قانونی کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے، انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا۔