دبئی: (ویب ڈیسک) 50 سال تک بحرین کے وزیراعظم رہنے والے شہزادہ خلیفہ بن سلمان آل خلیفہ 84 سال کی عمر میں انتقال کر گیے۔
عرب نیوز کے مطابق ایوان شاہی نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم مملکت کا امریکا کے مایو کلینک میں انتقال ہوا ہے۔ ان کی نعش وطن عزیز لائی جائے گی جس کے بعد تجہیز و تکفین اور نماز جنازہ ادا کی جائے گی تاہم یہ رسم محض قریبی رشتہ داروں تک محدود ہوگی۔
بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے ملک بھر میں ایک ہفتہ سوگ کا اعلان کیا ہے جس کے دوران سرکاری پرچم سرنگوں کیے جائیں گے نیز کل جمعرات سے تمام سرکاری محکموں میں تین دن تعطیل ہوگی۔
پرنس خلیفہ بحرین کے طویل ترین دورانیے تک وزیر اعظم رہے۔ وہ 1970 میں بحرین کے وزیر اعظم بنے تھے اور اپنی وفات تک اس عہدے پر فائز رہے۔
شہزادہ خلیفہ بن سلمان آل خلیفہ 24 نومبر 1935 کو پیدا ہوئے۔ وزیر اعظم بننے سے قبل وہ سٹیٹ کونسل اور سپریم ڈیفینس کونسل کے بھی سربراہ رہے۔