میکسیکو میں خواتین ریلی پر پولیس تشدد کے خلاف احتجاج، جھڑپوں‌ میں‌ کئی مظاہرین زخمی

Published On 12 November,2020 09:16 am

میکسیکو سٹی: (دنیا نیوز) میکسیکو میں خواتین ریلی پر پولیس تشدد کے خلاف نوجوانوں نے احتجاج کیا۔ دارالحکومت میں مظاہرین اور سکیورٹی اہلکار آپس میں الجھتے رہے، جھڑپوں میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔

پیر کے روز ہونے والی خواتین ریلی پر پولیس تشدد کے خلاف میکسیکو سٹی میں نوجوانوں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین اور پولیس اہلکار ایک مرتبہ پھر گتھم گتھا ہو گئے۔ مظاہرین کی جانب سے پتھراو کیا گیا جبکہ پولیس نے آنسو گیس کی بھرپور شیلنگ کی جس کی زد میں آ کر کئی افراد زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے ریلی پر تشدد کی تحقیقات پر زور دیا ہے، پیر کے روز ہونے والی ریلی میں متعدد کئی خواتین زخمی ہو گئیں تھیں۔

واضح رہے کہ میکسیکو میں خواتین پر تشدد کیخلاف جدوجہد طویل عرصے سے جاری ہے، میکسیکو ان ممالک میں شامل ہے جہاں خواتین پر تشدد کے نتیجے میں اموات کے متعدد واقعات ریکارڈ پر آئے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال جنوری سے مئی تک گیارہ سو سے زائد خواتین کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ انسانی حقوق پر نظر رکھنے والے کارکنوں کا کہنا ہے کہ عورتوں پر تشدد کا مسئلہ کم سزاؤں کے سبب ختم ہونے میں نہیں آ رہا۔