کویت سٹی: (ویب ڈیسک) کویت کے امیر نواف الاحمد الجابر الصباح نے شیخ صباح خالد الحمد الصباح کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمے داری سونپی ہے۔
8 دسمبر کو جاری شاہی بیان میں کہا گیا ہے کہ 6 دسمبر 2020ء کو کابینہ کے سربراہ (وزیراعظم) کا استعفا قبول کر لیا گیا۔
روایتی مشاورت کے بعد شیخ صباح خالد الحمد الصباح کو کابینہ کا سربراہ مقرر کیا جا رہا ہے۔ ان کے ذمے ہے کہ وہ نئے وزراء کو نامزد کریں اور ان کے نام ہمیں پیش کریں تا کہ ان وزراء کے تقرر کے واسطے فرمان جاری کیا جائے۔
شاہی فرمان کے مطابق نامزد وزیراعظم پر لازم ہے کہ وہ ہمار اس حکم پر عمل درامد کریں اور اس حوالے سے پارلیمنٹ کو آگاہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: کویتی امیرشیخ صباح الاحمد الصباح انتقال کر گئے،شاہ محمود کا اظہار افسوس
واضح رہے کہ شیخ نواف الاحمد الصباح نے 91 سالہ صباح الاحمد الصباح کے انتقال کے بعد 30 ستمبر کو کویت کے نئے امیر کی حیثیت سے پارلیمنٹ میں حلف اٹھایا تھا۔
کویت کے 83 سالہ نئے امیر نے حلف اٹھانے کے بعد اپنے دفتر میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ خطے کے ممالک کی خوشحالی، استحکام اور سلامتی کے لیے کام کریں گے جس پر اراکین پارلیمنٹ نے ان سے بھرپور یک جہتی کا اظہار کیا تھا۔
کویت کے نئے امیر کے حوالے سے کہا جارہا تھا کہ ان کے دور میں کویت کی خارجہ پالیسی، تیل اور سرمایہ کاری سے متعلق پالیسیوں میں بڑی تبدیلی متوقع نہیں ہے۔