لندن: (دنیا نیوز) کورونا کی وبا اور لاک ڈاؤن کے باوجود لندن میں کرسمس کی رونقیں کم نہیں ہو سکی ہیں۔ لندن میں ہر طرف دل موہ لینے والی روشنیاں جگ مگ کرتی نظر آتی ہیں۔ گلیوں اور گھروں کو کرسمس ٹریز سے سجایا گیا ہے۔
لندن ایک جیتا جاگتا شہر جہاں وبا کے دنوں میں زندگی کی رونقیں کم نہ ہوسکیں۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر، تیسرے درجے کا لاک ڈاؤن اور شہری گھروں میں محصور، اس کے باوجود کرسمس کی مناسبت سے سجائی جانے والی روشنیاں ہر طرف جگ مگ کر رہی ہیں۔
کہیں پر کرسمس ٹریز، کہیں پر روشنیوں سے سجے سنتا کلاز کے ماڈلز تو کہیں تحائف کی بھرمار، لندن کی گلیوں میں نکلو تو ہر قدم پر ایک دلکش نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے۔
گلیوں میں رنگ ونور کی بارش، درودیوار پر روشنیوں کی چادر اور کرسمس کی رونقیں حسب روایت جاری و ساری ہیں، بس کمی اتنی ہے کہ ان رونقیں کو دوبالا کرنے والے شہریوں کو مقررہ وقت سے پہلے گھر پہنچنے کی جلدی ہے۔