نیو یارک: (ویب ڈیسک) دنیا کی امیر ترین خاتون اور ایمیزون کے بانی جیف بیزوس کی سابقہ اہلیہ مک کینزی سکاٹ نے 4 ارب ڈالر (7 کھرب روپے سے زائد) کی رقم خیرات کر کے سب کے دل جیت لیے
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق مک کینزی سکاٹ نے اعلان کیا کہ انہوں نے 4 ماہ کے دوران تقریباً 400 فلاحی تنظیموں کو 7 کھرب روپے سے زیادہ امداد دی جو اس وبائی مرض کے خلاف مصروف عمل ہیں۔
مک کینزی سکاٹ نے کہا کہ وبائی مرض نے امریکیوں کو بہت زیادہ نقصان کیا ہے۔ خواتین اور غربت میں زندگی بسر کرنے والے افراد سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جبکہ لوگوں کی صحت مند زندگی بھی بہت متاثر ہوئی ہے تاہم اس وبائی مرض سے ارب پتیوں کی دولت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
انھوں نے کہا کہ میں نے 6500 تنظیموں کو پرکھنے کے بعد 380 فلاحی تنظیموں کا انتخاب کیا ہے جنھیں انھوں نے عطیات دیے ہیں۔ معاشی اور صحت کے مسائل نے عورتوں اور غیر سفید فام لوگوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق مکینزی سکاٹ نے رواں برس جولائی میں 116 فلاحی اداروں کو 1.7ارب ڈالر کے عطیات دیے تھے اس طرح انہوں نے رواں برس تقریباً چھ ارب ڈالر عطیہ کیے ہیں۔
واضح رہے کہ مک کینزی سکاٹ نے اپنے سابق شوہر ایمیزون کے بانی جیف بیزوس سے گزشتہ سال علیحدگی میں دولت کا ایک چوتھائی حصہ وصول کیا تھا اور اب یہ دنیا کی تیسری امیر ترین خاتون ہیں۔