صدر ٹرمپ کی بجائے ریپبلکنز کے سینئر سینیٹر مچ میک کونیل کی جو بائیڈن کو مبارک باد

Published On 16 December,2020 09:34 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) صدر ٹرمپ کی بجائے ریپبلکنز کے سینئر سینیٹر مچ میک کونیل نے نومنتخب صدر جو بائیڈن کو مبارک باد دے دی۔

امریکی سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کی پارٹی کے سینئر لیڈر سینٹر مچ میک کونیل نے کہا کہ نو منتخب صدر جو بائیڈن سینیٹ کا ایک جانا پہچانا نام ہے انہوں نے کئی سال تک عوام کی خدمت کی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر نائب صدر منتخب ہونے پر کملا ہیرس کو بھی مبارک پیش کی۔

نومنتخب صدر جو بائیڈن نے کہا کہ انہوں نے میک کونیل کے ساتھ گفتگو میں ساتھ مل کر کام کرنے کی بات کی ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ کے رواں صدارتی انتخابات کو ٹرمپ نے متنازع قرار دینے کی بھرپور کوشش کی، انہوں نے دھاندلی سمیت متعدد دعوے کئے تا کہ جوبائیڈن کی بطور صدر فتح کو شکست میں بدلا جا سکے، انہوں نے امریکی عدالتوں میں بھی درخواستیں دائر کیں جو مسترد کر دی گئیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ صدر ٹرمپ نے انتخابات سے قبل ہی اعلان کر دیا تھا کہ اگر وہ صدارتی انتخاب نہ جیت پائے تو یہ فراڈ الیکشن ہوں گے۔