واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی الیکٹورل کالج نے نومنتخب صدر جوبائیڈن کی کامیابی کی رسمی تصدیق کر دی، نومنتخب صدر کا کہنا ہے صدر ٹرمپ نے الیکشن نتائج روکنے کے لیے تمام حربے استعمال کیے جو ناکام ہوئے۔ صدر ٹرمپ ٹوئٹر پر الیکشن فراڈ کی رپورٹ شیئر کرتے رہے۔
الیکٹورل کالج کی نومنتخب صدر جوبائیڈن کی کامیابی کی رسمی تصدیق، امریکی ریاستوں کے الیکٹورل کالج کی جانب سے ووٹ دینے کی رسمی کارروائی بھی ہو گئی۔
صدارتی انتخابات کے نتائج کی تمام 50 ریاستوں اور ڈسٹرکٹ آف کولمبیا نے تصدیق کر دی جس کے بعد ولمنگٹن شہر میں خطاب کرتے ہوئے نو منتخب صدر جوبائیڈن نے کہا کہ امریکی انتخابات میں جمہوریت کامیاب ہوئی اور قانون اور آئین کی حکمرانی قائم ہوئی۔ امریکیوں کو چاہیے کہ متحد ہو جائیں اور سیاست پر تناؤ کو ختم کر دیں۔
نو منتخب صدر نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے عوام کی رائے ماننے سے انکار کر دیا جو امریکی ووٹرز کی توہین ہے۔ ری پبلکن کا نتائج تسلیم کرنے سے انکار آئین اور عوام کی رائے ماننے سے انحراف ہے۔
ادھر صدر ٹرمپ نے ٹویٹ پر اٹارنی جنرل ولیم بار کے چھٹیوں پر جانے کا اعلان کیا جنہوں نے کہا تھا کہ انتخابات میں دھوکہ دہی کے شواہد موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے الیکشن میں فراڈ کی رپورٹ بھی شیئر کی۔