واشنگٹن: (دنیا نیوز) بھارتی کسانوں کی حمایت میں واشنگٹن کے بھارتی سفارتخانے کے باہر امریکی سکھوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ امریکہ کی مختلف ریاستوں سے ریلیوں کی شکل میں آئے سکھوں نے بھارتی حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی۔
تفصیل کے مطابق بھارتی کسانوں سے یکجہتی کا اظہار کرنے کیلئے واشنگٹن میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے امریکی سکھوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین سینکڑوں گاڑیوں میں ریلی کی صورت میں بھارتی سفارتخانے کے باہر پہنچے۔ شرکا نے ہاتھوں میں کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر کسانوں کے حق میں نعرے درج تھے۔
مظاہرین نے بھارتی کسانوں کے حق میں نعرے لگائے اور ترانے چلا کر شرکا کے جوش کو خوب گرمایا۔سکھس فار جسٹس کی جانب سے بھارتی سفارتخانے کے سامنے خالصتان کا پرچم لہرا گیا۔
سکھس فار جسٹس کے قانونی مشیر گرپتونت سنگھ پنوں کا کہنا تھا کہ خالصتان کا جھنڈا لہرانا ہمارا جمہوری حق ہے۔ بھارتی کسانوں کا مسئلہ بین الاقوامی طور پر اجاگر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خالصتانیوں اور بھارتی پنجاب کے کسانوں کا مطالبہ بھارت سے آزادی ہے۔ مظاہرین نے بھارتی سفارتخانے کے سامنے نصب مہاتما گاندھی کے مجسمے کو بھی نقصان پہنچایا۔